حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی ممالک نے قرآن پاک کو نذر آتش کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے، ان ممالک نے سویڈن کی حکومت کو ایک مشترکہ خط بھیج کر اس بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے تمام ممالک نے ایک مشترکہ خط لکھ کر قرآن کریم کی بے حرمتی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اسلامی ممالک کے نمائندوں نے اتوار کے روز سویڈن کے وزیر خارجہ توبیاس بلسٹروم کو ایک مشترکہ خط بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قرآن پاک کو نذر آتش کرنے جیسی کارروائیوں سے مذہبی اختلافات بڑھنے والے ہیں، خط کے مطابق یہ ایکٹ ظاہر کرتا ہے کہ دوسروں کے عقیدے پر حملہ ایک قابل قبول فعل بنتا جا رہا ہے جو کہ غلط ہے۔
اسلامی ممالک کی جانب سے بھیجے گئے مشترکہ خط میں کہا گیا ہے کہ سویڈن کی حکومت کی جانب سے قرآن پاک کو جلانے کی جو اجازت دی گئی ہے وہ کسی بھی صورت میں اقوام متحدہ کی ان قراردادوں سے میل نہیں کھاتی جن میں مذہبی آزادی کی حمایت کی گئی ہے، قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے اسلامی ممالک کے نمائندے آج ایک ہنگامی اجلاس منعقد کرنے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 20 جولائی کو عراقی نژاد سویڈش شہری سلوان مومیکا نے سویڈش پولیس کے تعاون سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی تھی، اس واقعے کے بعد ڈنمارک کے ایک انتہا پسند دائیں بازو کے گروپ نے کوپن ہیگن میں عراقی سفارت خانے کے باہر قرآن پاک کے ایک نسخے کو نذر آتش کر دیا، اس موضوع پر دنیا بھر سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔